مسلمان تعصبات کے بجائے اعتدال اور ہم آہنگی کو فروغ دیں، پاکستانی وزیر مذہبی امور
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
ہمیں اتحاد بین المسلمین کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ مسلمانوں میں تفرقہ و انتشار کے خیالات کی بابت آگہی مہم چلانا ہو گی، مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس سے پیر نور الحق قادری کا خطاب
مکہ مکرمہ (جاوید راہو ) پاکستان کے وفا قی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ امتیازی سلوک ، علیحدگی پسند رجحانات سے کراہ رہی ہے۔ قرآن و سنت میں مذکور اصولوں سے انحراف کے باعث ابتلا ءو آزمائش کا شکار ہے۔ وہ مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والی عالمی اسلامی کانفرنس "وحدت امت کیلئے امتیازی سلوک اور علیحدگی کے خطرات" پر خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے ا س موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے خیر سگالی کے پیغام اور امت مسلمہ کیلئے انتہائی اہم موضوع پر عالمی کانفرنس کے اہتمام پر رابطہ عالم اسلامی کو مبارکباد پیش کی۔ نور الحق قادری نے کہا کہ علماءاور مبلغین کے درمیان مزید اتحاد و اتفاق دینی نظریات میں مزید ہم آہنگی اور اعتدال کے فروغ کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں مسلمانان عالم کے درمیان محبت و الفت کے فروغ امن و امان میں اضافے ، بھائی چارے کی فضا کو مضبوط بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب اور اس کے قائدین نے ہمیشہ فرد او رمعاشرے کے درمیان اتحاد و اتفاق کو راسخ کرنے کیلئے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اسی طرح مذہبی ، فکری اور علاقائی تعصب سے بچنے کی بھی تاکید کی ہے۔ رابطہ عالم اسلامی کی یہ کانفرنس اس کا تازہ ترین عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو اپیلیں کر رہے ہیں وہ مختلف مسلم ممالک کے احوال و کوائف او روہاں مختلف اوقات میں وقتاً فوقتاً ہونے والی کانفرنسوں کی قراردادوں کی سفارشات او ران میں پیش کئے جانے والے افکار و خیالات کو مدنظر رکھ کر ہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی مسلم ممالک کیلئے سائبان کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد بین المسلمین کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ مسلمانوں میں تفرقہ و انتشار کے خیالات کی بابت آگہی مہم چلانا ہو گی۔