Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوشش

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر آسٹریلیا کی ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔ بورڈ ذرائع کے مطابق پی سی بی ، پاکستان سپر لیگ کے بعد مارچ میں آسٹریلوی ٹیم کی میزبانی کا خواہش مند ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 19 مارچ سے یو اے ای میں 5 میچز کی سیریز طے ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ کوشش ہے کہ 17 مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے بعد 19 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے پہلے 2 میچز آسٹریلوی ٹیم کراچی میں کھیلے۔ذرائع کے مطابق چند ہفتے پہلے کرکٹ آسٹریلیا سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سیکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان بھیجنے نے کا عندیہ دیا تھا، اب پاکستان کرکٹ بورڈ حکام اس پر مزید پیشرفت کے لیے پرامید ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم نے آخری بار 1998 میں مارک ٹیلر کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔دوسری جانب پاکستان میں موجود آسٹریلین ہائی کمیشن نے بھی پاکستان کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر اپنی رپورٹ بھجوانی ہے جو آسٹریلوی ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہوگی۔ اس حوالے سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے پی سی بی کی ایک تقریب میں سیکیورٹی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ وہ اپنی حکومت کو مثبت رپورٹ دے سکتی ہیں تاہم ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ حکومت اور کرکٹ بورڈ” کرکٹ آسٹریلیا “نے کرنا ہے۔
 

شیئر: