ریاض۔۔۔ سول ایوی ایشن کے فلائٹ اسٹیٹس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران جدہ اور ریاض سے مجموعی طور پر 15 ہزار 780 پروازیں روانہ ہوئیں۔ سبق نیوز نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز اور ریاض سے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے فلائٹ اسٹیٹس کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران مذکورہ ہوائی اڈوں سے 78 فیصد پروازیں مقررہ وقت پر روانہ ہوئیں ۔ اعداد وشمار میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ نومبر کے دوران جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے 8 ہزار 247 پروازیں روانہ ہوئیں جبکہ تاخیر کا شکار ہونے والی فلائٹوں کی تعداد 1897 رہی جو وقت مقررہ سے زیادہ سے زیادہ 49 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گزشتہ ماہ کے دوران 7 ہزار 533 پروازیں روانہ ہوئیں جبکہ تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں کی تعداد 1657 رہی جو زیادہ سے زیادہ 53 منٹ دیر سے اڑیں ۔