ڈائٹنگ کریں پر صحت نہ گنوائیں
بڑھتے وزن کو کنٹرول کرنے کے لئے عام طور پر مرد و خواتین سب سے پہلے ڈائیٹنگ کی جانب متوجہ ہوتے ہیں ۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ شروع میں ڈائٹنگ کے نام پر کھانے پینے کا سخت پرہیز شروع ہو جاتا ہے لیکن کچھ عرصے بعد بیزار ہوکر ہدف کو حاصل کئے بغیر ہی ڈائٹنگ ختم کردی جاتی ہے اور یوں وزن کنٹرول کرنے کا پلان مکمل طور پر ناکام ہو جاتا ہے ۔ وزن کے سلسلے میں ہدف ایسا ہونا چاہیے جسے باآسانی طویل عرصے تک برقرار رکھا جا سکے ۔ یعنی ایسا جو آپ کے لائف اسٹائل میں فٹ ہوسکے ۔ وزن کم کرنا ہی کمال نہیں بلکہ اس کو برقرار رکھنا بھی ایک فن ہے ۔ اوراس مقصد کے لیے آپ کو ایسی حکمت عملی اپنانا ہوگی جس پر آپ طویل عرصے تک عمل پیرا رہ سکیں ۔ وزن کم کرنے کے لئے آپ کے پلان کا دورانیہ محض دو سے تین ہفتے پر مشتمل نہیں ہونا چاہیے جس میں سخت جان ورزشیں ہوں اور حلق سے نہ اترنے والی خوراک شامل ہو ۔ اس سے آپ چند ہی دنوں میں اکتا جائیں گے ۔ ڈائیٹ پلان ایسا بنائیں جس میں صحت بخش اور کم چکنائی والے کھانے شامل ہوں جنہیں آپ ہر موقع پر کھا سکیں ۔ ورزش کا ایسا پروگرام بنائیں جو آپ پر بوجھ نہ بن جائے ۔ اس کے علاوہ ایسا طریقہ جو آپ کے لائف اسٹائل ، بجٹ اور نظام اوقات میں فٹ ہو سکے ۔
دبلا ہونے کے چکر میں آپ کو بھوکا مرنے اور غذا کے اہم اجزاء وٹامنز اور معدنیات سے محروم رہنے کی بالکل ضرورت نہیں ۔ عام طور پر ڈائٹنگ والی غذاؤں میں یہ اجزاء موجود نہیں ہوتے اور وزن کم کرنے کے لئے کم کیلوریز والی خوراک استعمال کرنے والی خواتین ان اہم غذائی اجزا سے محروم ہو جاتی ہیں جو اچھی صحت اور بیماریوں سے تحفظ کے لئے ضروری ہیں ۔ دبلا ہونے کی کوشش میں آپ کو نہ تو اذیت ناک قسم کی ورزشوں کی ضرورت ہے انہیں اپنا قیمتی وقت برباد کرنے کی ۔ لہذا ایسا ڈائٹ پلان بنائیں جو آپ کو تندرست و توانا بھی رکھے اور آپ طویل عرصے تک اس پر عمل پیرا بھی ہو سکیں ۔ جو آپ کے لائف اسٹائل کے مطابق ہو اور وزن کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو ۔