Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صادق سنجرانی عمرہ کی ادائیگی کے بعد پاکستان روانہ

چیئرمین سینیٹ کا 5 روزہ دورہ مکمل، مسجد نبوی میں بھی نوافل ادا کئے ، ملکی ترقی ، سلامتی اور استحکام کےلئے خصوصی دعائیں
جدہ ( ارسلان ہاشمی) چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری کے بعد مکہ مکرمہ پہنچے جہاں انہوں نے عمرہ ادا کیا اور ہفتے کی شام پاکستان روانہ ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی5 روزہ دورے پر گزشتہ منگل ریاض پہنچے تھے جہاں انہوں نے سعودی مجلس شوری کے اسپیکر اور ارکان شوری سے ملاقات کی بعدازاں سینیٹ کے 9 رکنی وفد نے سعودی عرب کی سربراہی میں تشکیل پانے والی اسلامی اتحادی افواج برائے انسداد دہشتگردی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور کمانڈر راحیل شریف و دیگر جرنیلوں سے ملاقات کی جس میں انہیں اسلامی اتحاد کی فوج کے قیام کے اغراض و مقاصدسے مطلع کیا گیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے ریاض میں شاہ سلمان امدادی مرکز کے علاوہ یمن کی قانونی حکومت کی بحالی کےلئے سعودی عرب کی سربراہی میں تشکیل پانے والے فوجی اتحاد کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں انہو ںنے اتحادی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی اس موقع پر پاکستان کے پارلیمانی وفد کو یمن کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا ۔وفد بعدازاں مدینہ منورہ پہنچا جہاں انہو ںنے روضہ رسول پر حاضری دی نوافل ادا کئے اور جمعہ کی شب مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ ادا کیا اور پاکستانی ترقی ، سلامتی اور استحکام کےلئے خصوصی دعائیں کیں ۔ سنجرانی اپنے وفد کے ہمراہ 5 روزہ قیام کے بعد ہفتے کی شام پاکستان روانہ ہو گئے ۔ 

شیئر: