ریاض... وزارت صحت نے متنبہ کیا ہے کہ سربند ڈبوں اور بوتلوں میں فر وخت کئے جانے والے جوس کا بکثرت استعمال صحت کےلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔ جوسز میں شکر کی مقدار کافی زیادہ ہو تی ہے جو انسانی جسم میں چکنائی جمع کر دیتا ہے ۔ وزارت صحت نے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایک بالغ شخص کےلئے زیادہ سے زیادہ 25 گرام شکر کی ضرورت ہوتی ہے جو 6 چائے کے چمچوں کے مساوی ہے ۔سربند ڈبوں اور بوتلوں میں ملنے والے جوسز میں کمپنیاں شکر کی مقدار زیادہ رکھتی ہیں جس سے انسانی جسم متاثر ہو تا ہے ۔ جسم فاضل شکر کو چربی میں تبدیل کردیتا ہے جس سے انسان پر مٹاپا چڑھنا شروع ہو جاتا ہے ۔ ادارہ صحت کے مطابق تندرست جسم کےلئے لازمی ہے کہ انسان فاضل چربی جمع نہ ہونے دے جس کےلئے ڈبوں کے جوسز کا کثر ت سے استعمال انتہائی مضر ہے ۔ تازہ جوس جس میں قدرتی شکر ہوتی ہے ان کا استعمال مفید ہوتا ہے ۔ پیاس کی صورت میں اگر صرف پانی پیا جائے تو بہتر ہے ۔ جوسز میں موجود شکر کی فاضل مقدار سب سے پہلے انسان کے دانتوں پر اثر انداز ہو تی ہے اس لئے ان جوسز سے اجتناب برتا جائے تاکہ صحت کو برقرار رکھا جاسکے ۔ صحت مند رہنے کےلئے باقاعدگی سے ورزش کی عادت کو بھی اپنانا چاہئے ۔