بحر احمر کے ساحلی ممالک کی فوجی مشقیں
جدہ ۔۔۔ بحر احمر پر آباد ساحلی ممالک سعودی عرب ، اردن، مصر، سوڈان، جیبوتی اور یمن نے جدہ میں بحری فوجی مشقوں کا آغاز کردیا۔ صومالیہ مبصر کے طور پر شریک ہے۔سعودی مغربی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل صقر الحربی نے بتایا کہ مشقوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہیگا۔ انکا مقصد بحر احمر کے ساحل پر واقع ممالک کے بحری امن کو مضبوط بنانا، علاقائی سمندر کو تحفظ فراہم کرنا ، عسکری تعاون کو فروغ دینا اور مشقوں میں شریک ممالک کے درمیان جنگی تجربات کا تبادلہ ہے۔ بحر احمر دنیا بھر کے ممالک کےلئے اہم اقتصادی آبی گزر گاہ ہونے کے باعث انتہائی اہم ہے۔ ان مشقوں سے عسکری تصورات میں یگانگت اور شریک افواج کی حربی استعداد بہتر ہوگی۔ فوجی مشقوں کے انچارج بریگیڈیئر علی الغانمی نے بتایا کہ ان مشقوں میں عملی اور نظریاتی جملہ مشقیں ہونگی۔سعودی عرب نے 12 دسمبر کو خادم حرمین شریفین کی تجویز پر بحر احمر کے ساحلی ممالک کے گروپ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔