عمران خان ترکی روانہ‘ صدراردگان سے ملاقات کل ہوگی
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان ترکی کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر نور خان ایئربیس سے ترکی کےلئے روانہ ہوئے۔ وزیرا عظم کے ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر کے علاوہ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی خسرو بختیار بھی شامل ہیں۔ وزیر اعظم شام 4 بجے ترکی کے شہر قونیا پہنچیں گے جہاں وہ مولانا میں رومی میوزیم کا دورہ کریں گے ۔ انقرہ میں بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تقریب سے خطاب بھی وزیر اعظم کے دورے کا اہم حصہ ہے۔ علاوہ ازیں کل جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس میں شریک ہونگے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والے ترک سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم اتاترک میوزیم کا دورہ بھی کریں گے اورترک صدرجب طیب اردگان سے ملاقات بھی ہوگی، جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس اورعشائیہ بھی دیا جائے گا۔