Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحری جہاز کا کرایہ نہ دینے پر تاجر کا سامان نیلام ہوگا

جدہ۔۔۔۔ بحری تجارت کے نئے قوانین کے مطابق بحری جہاز کے مالک کو تاجر کی طرف سے کرایہ موصول نہ ہونے کی صورت میں سامان ضبط کرنے کا اختیار ہوگا۔ جہاز کا مالک نادہندہ تاجر کا سامان بندر گاہ پر اتار کر گودام کی تحویل میں دے سکتا ہے، وہ انتظامیہ سے کرایہ کے بقدر سامان نیلام کرنے کی درخواست کرسکتاہے اور نیلامی کا اعلان کرسکتا ہے۔ بحری تجارت کے نئے قوانین کے مطابق بحری جہازوں کے کرائے کے لئے اصل مالک اور تاجر کے درمیان ثالثی کرنے والے ایجنٹ کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کرایہ پر بحری جہاز حاصل کرنے والے تاجر یا ایجنٹ کے لئے ضروری ہے کہ وہ کرایہ کی مدت ختم ہونے پر بحری جہاز کو اصل حالت میں واپس کرے۔ جہاز میں دوران سفر ہونے والے نقصانات کی تلافی لازمی ہے۔ تمام سعودی بحری بیڑوں کو سعودی پرچم بلند کرنے کا پابند کیا گیا۔ اس سے استثنی کی ایک ہی صورت ہے جو بحری قوانین کے ہم آہنگ ہیں۔ ممکنہ خطرے یا قزاقوں سے بچنے کے لئے وقتی طور پر بحری جہاز پر سعودی پرچم کے علاوہ کوئی اور پرچم بلند کرنے کی اجازت ہے۔ کسی بھی جہاز پر بیک وقت دو ملکوں کے پرچم بلند نہیں کئے جائیں گے۔ اس قانون سے ان بحری جہازوں کو استثنی ہے جس کی لمبائی 24میٹر سے کم ہے۔ 
 

شیئر: