شہریار آفریدی کے بھتیجے کی گاڑی سے منشیات برآمد ؟
لاہور ...مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے بھتیجے کی گاڑی سے منشیات برآمد ہونے کےخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی جس کے متن میں کہا گیا کہ وزیر مملکت شہریار آفریدی کے بھتیجے کی گاڑی سے چرس برآمد ہونا افسوسناک ہے۔وزیر مملکت داخلہ دوسروں کو منشیات کےخلاف لیکچر دیتے ہیں ۔ ان کا اپنا بھتیجا منشیات فروشی کے جرم میں گرفتار ہو رہا ہے۔طلال نادر آفریدی کی گاڑی سے پولیس نے آدھا کلو چرس برآمد کی ہے۔ گرفتاری کے بعد اپنا پتہ منسٹر کالونی اسلام آباد لکھوایا۔اس کا مطلب کہ وزیر مملکت کی سرپرستی میں منشیات کا دھندہ چل رہا ہے۔شہریار آفریدی کو اس معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرنا ہو گی۔شہریار آفریدی نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اسلام آباد کے سرکاری و نجی کالجز میں 75فیصد لڑکیاں اور 25فیصد لڑکے منشیات کا استعمال کررہے ہیں ۔اس بیان کے بعد ان بچوں کے والدین کی حوصلہ شکنی اور دل آزاری کی گئی۔اس واقعہ کے بعد وزیر مملکت کو قوم سے معافی مانگنی ہو گی۔