Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف کے ریستوران میں بندر کا گوشت، حقیقت کیا ہے؟

طائف۔۔۔ طائف میونسپلٹی نے بتایا ہے کہ یہاں کسی بھی ریستوران نے اپنے کسی بھی گاہک کو بندروں کے گوشت سے تیار کردہ کھانا پیش نہیں کیا۔ میونسپلٹی نے یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان افواہوں کے جواب میں جاری کی جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ طائف کا ایک ریستوران اپنے گاہکوں کو بندروںکے گوشت سے تیار کردہ کھانے پیش کررہا ہے۔ میونسپلٹی نے توجہ دلائی کہ ہر سال بعض ضمیر فروش لوگ اس قسم کی مغالطہ آمیز معلومات پھیلاتے رہتے ہیں۔ انہیں تباہ کن افواہیں گھڑنے اور پھیلانے میں کسی قسم کی کوئی قباحت محسوس نہیں ہوتی۔ میونسپلٹی نے اطمینان دلایا کہ اس کے اہلکار سال بھر تمام ریستورانوں پر اچانک چھاپے مار کر کھانے پینے کی تمام اشیاءکی بابت اطمینان حاصل کرتے ہیں۔کوئی بھی ریستوران اول تو اس طرح کی جسارت نہیں کرسکتا اور خدا نخواستہ کوئی ریستوران اس قسم کی گندی حرکت کر بیٹھے تو وہ میونسپلٹی کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔میونسپلٹی نے تمام شہریوں اور غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کی نفرت انگیز افواہوں پر یقین نہ کیا کریں۔ ماضی میں کبھی کتے کے گوشت اور کبھی خچر کے گوشت سے تیار کردہ کھانے پیش کرنے کی افواہیں پھیلائی جاتی رہی ہیں۔ ان میں سے ہر ایک غلط ثابت ہوئی اور کبھی بھی کسی نے بھی اپنے دعوے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
 

شیئر: