یاسمین راشد کی تعریف کیلئے الفاظ نہیں‘ چیف جسٹس
لاہور: چیف جسٹس ثاقب نثار نے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے متعلق کہا ہے کہ ان کا پورا کیریئر بے داغ ہے۔ اپنا کام جاری رکھیں، مستعفی نہیں ہونے دیں گے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نجی یونیورسٹیز کی قانونی حیثیت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران صوبائی وزیر صحت نے چیف جسٹس سے شکوہ کیا کہ آپ کے ریمارکس کے بعد اپوزیشن مجھ سے استعفے کا مطالبہ کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، کام جاری رکھیں، ہم آپ کو مستعفی نہیں ہونے دیں گے۔ آپ نہ صرف بہت قابل احترام ہیں بلکہ آپ کا پورا کیریئر بے داغ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کس نے آپ کے خلاف مہم شروع کی ہے، آپ کا کردار قابل تحسین ہے اور ہمارے پاس الفاظ نہیں ، جن سے آپ کی تعریف کی جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے خلاف بھی مہم چلائی جاتی ہیں ایسے واٹس ایپ میسجز موجود ہیں تو کیا ان حالات میں کام کرنا چھوڑ دیں۔ واضح رہے کہ 6 جنوری کو پی کے ایل آئی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ڈاکٹر یاسمین راشد پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب حکومت میں اہلیت نہیں نااہلی اور نکما پن اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے ، یہ نااہلی ہی ہے کہ پنجاب حکومت سے معاملات نہیں چلائے جا رہے۔ اس کیس میں پنجاب حکومت کی نااہلی کو تحریری حکم کا حصہ بنا رہے ہیں۔