آج سے سردی کی لہر میں کمی کا امکان، ماہر موسمیات
ریاض۔۔۔ماحولیاتی ماہر حسن کرانی نے کہا ہے کہ آج اتوار سے سردی کا زور ٹوٹنا شروع ہوجائے گا۔ مغربی علاقوں میں سردی کی شدت کم ہونا شروع ہوگی اور پیر کو تبوک اور شمالی علاقوں کے علاوہ باقی شہروں میں درجہ حرارت میں اعتدال آنا شروع ہوجائے گا۔ ماحولیات کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ سرد ہوا کی لہر مغربی علاقوں میں ختم ہوتی جارہی ہے۔ جنوری کے اختتام تک موسم میں اعتدال ہوگا۔ دن میں گرمی اور رات میں موسم خوشگوار رہے گا۔ گزشتہ ہفتے مملکت کے شمالی علاقوں میں ہونے والی برف باری توقع کے برخلاف تھی۔ ماحولیاتی تجزیوں میں کہیں بھی برف باری کا امکان ظاہر نہیں کیاگیا تھا۔