ہندوستان میں 119ارب پتی28لاکھ کروڑ جائداد کے مالک
نئی دہلی۔۔۔امیر دن بہ دن مالدار ہوتے جارہے ہیں، یہ بات اکثر سننے میں آتی رہتی ہے۔ایک رپورٹ نے یہ کہاوت سچ ثابت کردی ہے۔ رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں موجود کروڑ پتیوں کی جائداد میں 2018ء میں روزانہ تقریباً2200کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ملک کی آبادی کے ایک فیصد لوگوں کی جائداد میںگزشتہ برس 39فیصد کے حساب سے اضافہ ہوا ۔Oxfamکی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی تقریباً نصف آبادی کی آمدنی میں اضافہ گزشتہ سال سست رفتاری سے آگے بڑھی جبکہ 50فیصد سے زیادہ افراد کی جائداد میں 3فیصد کے حساب سے اضافہ ہوا۔ عالمی سطح پر دیکھا جائے تو دنیا کے کروڑپتیوں کی جائداد میں روزانہ 12 فیصد اضافہ ہورہاہے جبکہ دنیا بھر میں موجود غریب افراد کی جائداد میں11فیصدکمی ریکارڈ کی گئی۔ملک کے سب سے زیادہ9دولت مندوں کے پاس کل آبادی کے تناسب سے 50فیصد سے زیادہ جائدادیں ہیں۔اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں موجود 13کروڑ 6لاکھ افراد جو ملک کی آبادی کا10فیصد ہیں، ابھی بھی قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں 10فیصد افراد کے پاس ملک کی کل 77.4فیصد جائدادیں ہیں۔ ان میں سے ایک فیصد کے پاس 51.53فیصد جائدادیں ہیں جبکہ 60فیصد لوگوں کے پاس صرف 4.8فیصد جائدادیں ہیں۔رپورٹ کے مطابق 2019ء سے 2022کے درمیان ہندوستان میں روزانہ 70نئے دولت مندوں کا اضافہ ہوگا۔ 2018ء میں ہند میں تقریباً18نئے ارب پتی سامنے آئے ۔ملک میں اب ان کی تعداد 119ہوگئی ہے جو 28لاکھ کروڑ روپے کی جائدادوں کی مالک ہیں۔