Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی کے تاریخی ورثے میں تبدیلی ہوئی نہ ہوگی، فیصل بن سلمان

مدینہ منورہ۔۔۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اطمینان دلایا ہے کہ مسجد نبوی شریف کی تاریخ اور اس کے ورثے کا تحفظ بانی¿ مملکت شاہ عبدالعزیز ؒکے دور سے لے کر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد تک ہوتا رہا ہے آئندہ سعودی عرب اسی پالیسی پر گامزن رہے گا۔ مسجد نبوی شریف کے تاریخی ورثے میں نہ تو کوئی تبدیلی ہوئی ہے اور نہ ہوگی۔ ترمیم اور اصلاح و مرمت کی ضرورت کے تحت کوئی بھی تبدیلی اس سے مستثنیٰ ہے۔ وہ منگل کو مسجد نبوی کی دیوار قبلہ کی اصلاح و مرمت کے کام کا معائنہ کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسجد نبوی انتظامیہ کے سیکریٹری شیخ صالح المزینی اور مدینہ منورہ ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکیٹو چیئرمین فہد البلیھشی تھے۔ گورنر مدینہ منورہ نے بتایا کہ مسجد نبوی شریف کی دیوار قبلہ کے نقوش تاریخی ہیں ۔ 170 برس سے زیادہ پرانے ہیں اب اس دیوار کے نقوش اجاگر ہوگئے ہیں ۔ قدیم گلکاری پوری آب و تاب کے ساتھ سامنے آگئی ہے۔ البتہ دیوار پر 95 میٹر طویل لکڑی کی الماریاں ہٹا دی گئی ہیں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مسجد نبوی کی انتظامیہ اور مدینہ منورہ ڈولپمنٹ اتھارٹی بین الاقوامی ماہرین تعمیرات اور سعودی ماہرین کی مدد سے اعلیٰ تیار معیار کے مطابق تاریخی اشیاء کو اپنی فطری حالت میں بحال کرنے میں ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔ شہزادہ فیصل بن سلمان نے حرمین شریفین سے غیر معمولی دلچسپی اور مسجد نبوی شریف کے زائرین کے آرام و راحت کی ضمانت کی سہولتوں کی فراہمی پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔ 

شیئر: