25جنوری 2019ء جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبار البلاد کا اداریہ نذر قارئین
سعودی عرب کی قیادت راشدہ کے جرأتمندانہ درست فیصلوں کی بدولت عملی اقدامات اور کارناموں کا تانتا بندھ گیا ہے۔مستقبل کی معیشت قائم کرنے والی اسکیمیں پر اعتماد انداز میں نافذ ہورہی ہیں۔آمدنی کے نت نئے وسائل کی راہ ہموار ہورہی ہے۔ سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع البنیاد نئے اقتصادی شعبے جنم لے رہے ہیں۔ یہ سب کچھ سعودی وژن 2030کے اہداف کی تکمیل کی جہت میں پیشقدمی ہے۔
سعودی اقتصاد نے گزشتہ عرصے کے دوران معتبر بین الاقوامی اقتصادی اداروں سے اپنی کار کردگی کی بنیاد پر خراج تحسین وصول کیا۔موڈیز ایجنسی نے سعودی معیشت کے حال و مستقبل کے حوالے سے بہت اچھی رپورٹ پیش کی۔ عالمی مالیاتی فنڈ اور فچ کریڈٹ ایجنسی نے سعودی معیشت کے مضبوط ہونے کی شہادتیں پیش کیں۔ ان سارے اداروں نے باتفاق آرا ء یہ بات کہی کہ سعودی معیشت مضبوط ہے، شرح نمو کی علامتیں روشن ہیں۔ مالیاتی، تجارتی اور پیداواری سطحوں پر ترقی کے امکانات صاف نظر آرہے ہیں۔ زر مبادلہ اور داخلی اثاثے اچھے خاصے ہیں۔ ان سب سے یہ خوشخبری سرابھار رہی ہے کہ سعودی معیشت عروج کی نئی منزلیں سرکرنے کیلئے مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ بین الاقوامی اقتصاد کو متحرک رکھنے،مملکت کے علاقائی و بین الاقوامی اثرات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے انتہائی تسلی بخش علامت ہے۔