آسٹریلیاسری لنکا ٹیسٹ :دیموتھ کرنارتنے کی حالت خطرے سے باہر
کینبرا : آسٹریلیا اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 5وکٹوں پر534رنز بنانے کے بعد پہلی اننگز ڈیکلیئر کردیُ، سری لنکا نے پہلی اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر123رنز بنا لئے۔ سری لنکا کو اپنے اوپنر دیموتھ کرنا رتنے سے اس وقت محروم ہونا پڑا جب وہ پیٹ کمنز کا باونسر لگنے کی وجہ سے اسپتال جانا پڑا۔پیٹ کمنز کی گیند کی رفتار 142 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ،ڈیموتھ کرونارتنے کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے تاہم آخری اطلاعات تک وہ اسپتال ہی میں موجود تھے ۔ دوسرے دن آسٹریلیا کے جوئے برنز 172اور کرٹس پیٹرسن25رنز پر کھیلنے آئے ۔ برنز اپنے اسکور میں 8رنز کا اضافہ کرکے لوٹ گئے تاہم کرٹس پیٹرسن نے کپتان ٹم پین کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 130رنز کا اضافہ کیاجس کے دوران وہ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے اور114رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان اور وکٹ کیپر ٹم پین نے45رنز اسکور کئے اور آوٹ نہیں ہوئے ۔ٹیم کا مجموعی اسکور534رنز ہوا تو ٹم پین نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا ۔ کرٹس پیٹرسن 192گیندوں کا سامنا کیا، ایک چھکا اور14چوکے لگائے ۔ یہ اس اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے تیسری سنچری تھی۔ دوسرے دن گرنے والی واحد آسٹریلوی وکٹ کاسن رساجیتھا نے لی ۔ سری لنکا نے اننگز شروع کی تو اوپنرز نے90رنز کی شراکت فراہم کی لیکن اوپنر کرونا رتنے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کے باونسر سے خود کو نہ بچا سکے اور زخمی ہو کر ریٹائر ہو گئے۔ انہوں نے 45رنزبنائے ، اس واقعے سے سری لنکن بیٹنگ لائن بھی متاثر ہوئی اور اگلی دونوں وکٹیں جلد گر گئیں۔ اوپنر لاہیرو تھریمانے 41اور کپتان دنیش چندی مل 15جبکہ کوشل مینڈس6رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔مجموعی اسکور 123رنز تھا اور کوشل پریرا کے ساتھ دھننجایا سلوا وکٹ پر موجود تھے کہ کھیل کا وقت ختم ہوگیا۔ دونوں با لترتیب11اورایک رن پر کھیل رہے تھے۔مچل اسٹارک ، پیٹ کمنز اور ناتھن لیون نے ایک، ایک وکٹ لی ۔ اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے سری کو ابھی مزید411رنز بنانے ہیں اور اس کی 7وکٹیں باقی ہیں تاہم زخمی کرونا رتنے کے دوبارہ بیٹنگ کرنے کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوز اسپورٹس"جوائن کریں