ٹیکس کے بقایا جات ادا نہ کرنے پر علیمہ خان کو نوٹس
اسلام آباد: ایف بی آر نے وزیر اعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان کو ٹیکس کے بقایا جات ادا نہ کرنے پر نوٹس جاری کردیا۔ ذرائع کے مطابق علیمہ خان کو فیڈرل بیورو آف ریونیو نے بقیہ ٹیکس ادا کرنے کیلئے 7 فروری تک کی مہلت دی ہے۔ واضح رہے کہ علیمہ خان پر دبئی کے فلیٹس ظاہر نہ کرنے پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا اور ان کے ذمے تاحال 2 کروڑ 21 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ علیمہ خان نے دبئی میں 28 لاکھ 78 ہزار درہم سے زائد مالیت کا فلیٹ خریدا تھا اور ایف بی آر نے ان پر ٹیکس اور جرمانہ کی مد میں 2 کروڑ 94 لاکھ روپے عائد کئے تھے ۔ جس کے بعد انہوں نے 13جنوری کو ایف بی آر کو 73 لاکھ روپے کی ادائیگی کی اور بقیہ 2 کروڑ 21 لاکھ روپے کی ادائیگی کےلئے ایف بی آر سے 21 جنوری تک مہلت مانگی تھی۔ علیمہ خان نے چیئرمین ایف بی آر کو قسطوں میں ادائیگی کےلئے درخواست بھی دی تھی لیکن انہوں نے تاحال ادائیگی نہیں کی۔