فوج میں بھرتی کیلئے فی کس 2لاکھ روپے طلب کرنیوالا گرفتار
اناؤ۔۔۔ کانگڑا ضلع کے پالم پور میں واقع کوچنگ سینٹر کے مالک سے فوج میں بھرتی کرانے کیلئے فی کس 2لاکھ روپے طلب کرنے پر پولیس نے ایک شخص کو اناؤمیں گرفتار کرلیا ۔دھرم شالہ کے ایس پی ارول کمار نے بتایا کہ ملز م سنجیو کمار سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔واضح ہو کہ اسی ماہ ضلع کانگڑا ، چمبا اور پٹھان کو ٹ میں فوج میں بھرتی ہونیوالی ہے۔لارول کمار نے کہا کہ فوج میں بھرتی کے آغاز کے پیش نظر پالم پور میں واقع کوچنگ سینٹرزکا ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے ،علاوہ ازیں ریاست کے دیگر کوچنگ سینٹرز کی بھی چھان بین کی جاری ہے۔بتایا جارہا ہے کہ سنجیو کمار نے کوچنگ سینٹر کے مالک سے فون پر کہا تھا کہ وہ کوچنگ کرنیوالے نوجوانوں کو فوج میں آسانی سے ملازمت دلا دیگا۔ اس کے عوض فی کس 2لاکھ روپے ادا کرنے ہونگے۔ کوچنگ سینٹر کے مالک نے اس کی شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کرادی ۔شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کو اناؤسے گرفتار کرلیا۔