اسلام آباد... وزارت مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ حج درخواستیں 25 فروری سے 6مارچ تک جمع کی جائیں گی ۔8مارچ کو قرعہ اندازی ہوگی ،سرکاری حج اسکیم کے تحت 14شیڈول بنکوں کو حج درخواستوں کی وصولی کا اختیار دیا گیا ہے۔پاکستان سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 84ہزار 210پاکستانی فریضہ حج کےلئے سعودی عرب جائیں گےا ایک لاکھ 7ہزار 526سرکاری جبکہ 71ہزار 684پرائیویٹ سطح پر حج کا فریضہ ادا کریں گے۔ امسال ملک کے شمالی علاقوں سے فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے جانے والے عازمین 4لاکھ 36ہزار975جبکہ جنوبی ریجن سے تعلق رکھنے والے عازمین 4لاکھ 26ہزار 975روپے ادا کریں گے۔ قربانی کی رقم 19ہزار 451روپے ہے جو حج پیکیج کے علاوہ ہے۔ گورنمنٹ حج اسکیم کے تحت 15ستمبر 2017کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کے لئے شمالی ریجن کے عازمین سے 12ہزار 910روپے جبکہ جنوبی ریجن کے عازمین سے 11ہزار 910روپے وصول کئے جائیں گے۔ حج درخواستیں حبیب بنک ،نیشنل بنک ،یونائیٹڈ بنک ،الائیڈ بنک ،زرعی ترقیاتی بنک ،ایم سی بی ،بنک الحبیب ،بنک آف پنجاب ،فیصل بنک ،حبیب میٹرو بنک،عسکری بنک،میزان بنک ،بنک الفلاح اور دبئی اسلامک بنک میں وصول کی جائیں گی ۔