اسرائیل، سعودی تعلقات کی کہانی من گھڑت ہے، ترکی الفیصل
جمعرات 14 فروری 2019 3:00
ریاض ۔۔۔ سعودی محکمہ خفیہ کے سابق سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے بتایا کہ سعودی ،اسرائیلی تعلقات تخیل سے زیادہ کچھ نہیں۔ فلسطین سے متعلق سعودی عرب کاموقف غیر متزلزل تھا، ہے او ررہیگا۔اسرائیل کی جانب سے سعودیوں کے ساتھ خفیہ ملاقاتو ںکی کہانیاں من گھڑت ہیں۔ وہ ایک امریکی ٹی وی اناﺅنسر خاتو ن کو مختلف سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ سی آئی اے کی رپورٹوں پر خاشقجی کے قتل کا ذمہ دار سعودی عرب کو ٹھہرانے والے امریکی سینیٹر ٹم کین کی بابت سوال کے جواب میں ترکی الفیصل نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ سینیٹر سی آئی اے کے اس معیار کو اپنے قائدین اور امریکی کانگریس پر لاگو کریں۔ امریکہ نے عراق پر لشکر کشی سی آئی اے کی رپورٹ پر ہی کی تھی۔ سب کچھ من گھڑت تھا۔ سی آئی اے کی رپورٹوں پر انحصار کیونکر کیا جاسکتا ہے۔