Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کا عدالتی حکم

لاہور:  ساہیوال میں انسداد دہشت گردی پولیس کے اہل کاروں کی فائرنگ اور اس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم نے جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے، عدالت کی جانب سے فون کرکے طلب کرنے کے لیے افراد کی فہرست دی گئی تھی تاہم عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل آئی جی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ کو عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر نوٹس کردیں۔ جسٹس صداقت علی خان نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سے استفسار کیا کہ کیا آپ کبھی دفتر سے باہر بھی نکلتے ہیں۔ اس موقع پر استغاثہ کے وکیل احتشام نے استدعا کی کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیں۔ جس پر عدالت نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا، ساتھ ہی چیف جسٹس نے کہا کہ سیشن جج ساہیوال انکوائری کے لیے مجسٹریٹ تعینات کریں۔
 

شیئر: