اسلام آباد...وزیر اعظم عمران خان نے قابل وصول ٹیکسز کواکٹھا کرنے کےلئے جدید طریقہ کار بروے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس چور قوم ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔ ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی۔ باقاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے۔ وز یر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لئے نئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں کہاگیاکہ بیرون ملک جائیدادوں کے کیسز میں اب تک6 ارب سے زائد کے واجب الادا ٹیکسز اکٹھے کئے جا چکے۔
ایف بی آر کی جانب سےنئے اقدامات کے تحت 24.818ارب روپے کی وصولی متوقع ہے۔ اس میں سے اب تک 11.882ارب روپے وصول کئے جا چکے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ ٹیکس چوروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کے ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان عناصر کے خلاف کاروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔