پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز: انضمام الحق کی دبئی روانگی
جمعرات 21 فروری 2019 3:00
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ چیف سلیکٹر انضمام الحق آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کے انتخاب پر مشاورت کی غرض سے دبئی پہنچیں گے۔ دورے کے دوران چیف سلیکٹر نہ صرف پی ایس ایل کے میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے بلکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مشورے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لئے اسکواڈ کو بھی حتمی شکل دیں گے ۔ بورڈ درائع نے بتایا ہے کہ اس سیریز کے تناظر میں تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز ہے اور اس تجویز پر عمل کئے جانے کی صورت میں پی ایس ایل 4 کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جاسکتا ہے تاہم اس کا امکان کم نظر آتا ہے۔پی سی بی اور اس کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے کسی غیر روایتی فیصلے کی امید نہیں اور بار بار کے آزمائے ہو ئے کھلاڑیوں کو ہی آزمایا جائے گا۔ آسٹریلیا او ر پاکستان ٹیم کے مابین 5ون ڈے کی سیریز 22مارچ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہو رہی ہے۔پہلا ون ڈے22مارچ شارجہ، دوسراون ڈے24مارچ شارجہ، تیسرا ون ڈے27مارچ ابو ظبی ، چوتھا ون ڈے 29مارچ دبئی ، پانچواں اور آخری ون ڈے 31مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں