اسلام آباد...وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پلوامہ واقعہ سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں۔ ہند کی جانب سے قابل عمل انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے کی صورت میں پاکستان کی جانب سے فوری کارروائی کریں گے ۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی بیان پر ردعمل میں عمران خان نے کہا کہ اپنے اس بیان پر کہ اگر ہند نے ہمیں قابل عمل انٹیلی جنس معلومات فراہم کیں تو اس پر فوری کارروائی کریں گے پر قائم ہوں۔ دسمبر2015ءہندوستانی وزیراعظم مودی سے ملاقات کے دوران ہمارا اس بات پر اتفاق ہواتھا کہ چونکہ تخفیف غربت خطے کی ترجیح ہے اس لئے امن کوششوں کو دہشت گردی کے کسی واقعہ کی وجہ سے ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہئیے۔ تاہم پلوامہ حملے سے بہت پہلے ستمبر 2018ءمیں ان کوششوں کو ڈی ریل کردیا گیا۔وزیراعظم نے کہاکہ افسوس ہے کہ ہند میں انتخابات کے باعث امن بدستور مبہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو امن کو ایک موقع دینا چاہئیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست راجستھان میں اجتماع سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ عمران خان جب وزیر اعظم بنے تو انہیں مبارکباد دی تھی۔ عمران خان سے کہا تھا کہ ہمیں مل کر غربت اور جہالت کو ختم کرنا ہوگا۔اب دیکھتے ہیں کہ پاکستانی وزیراعظم اپنے الفاظ پر قائم رہتے ہیں۔