عمران خان نے چھکا مار کر میچ جیت لیا
کراچی ( صلاح الدین حیدر) وزیراعظم عمران خان نے ہندوستانی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرکے دنیا سے خراج تحسین وصول کیا بلکہ ہند کے چنیدہ چنیدہ صحافیوں، تجزیہ نگاروں کےلئے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ ایک نامور تجزیہ نگار نے ٹیلی ویژن انٹرویو میں صاف طور پر کہا کہ چند ٹی وی اینکرزخواہ مخواہ نریندر مودی کو ہیرو بناکر پیش کررہے ہیں۔ آپ ڈھائی مہینے کےلئے ہندوستانی ٹیلی ویژن دیکھنا چھوڑ دیں۔میں سب ہندوستانی سے کہتا ہوں کہ ڈھائی مہینے سے ہندوستانی ٹیلی ویژن مت دیکھو اس نے تمہاری ملک کی بربادی کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے۔ ہندوستانی صحافی ندی ورما کہتی ہیں کہ جو کچھ عمران خان نے کیا اسے کہتے ہیں فل ٹاس پر چھکا مار کے میچ جیت لینا۔ عمران نے میچ جیت لیا ہے۔ ایک مشہور صحافی راجدیپ سردیسی نے ٹوئٹ کیا کہ شاید ہم ہندوستانیوں کو یہ بات پسند نہ آئے لیکن اخلاقی سطح پر یہ عمران خان کی جیت ہے۔ مشہور کالم نگار دھرنیدر کلکرنی نے جس کے چہرے پر سیاہی پھینک دی گئی تھی انہوں نے سابقہ وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کی رونمائی ہندوستان میں کی تھی ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان دل کی گہرائیوں سے شکریہ قبول کریں۔ ہندوستانی صحافی ساگرریکھا گوش کیا کہتی ہیں ان کی بھی سن لی جائے۔ آج عمران خان نے مودی کو ڈپلومیسی اور جنگ کی حکمت عملی میں اور عوامی مقبولیت میں چت کردیا۔ مصنف شوبا دیو نے ٹوئٹ میں عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیں اپنا ہیرو لوٹا دیا۔ ہند کے سابق کرکٹر نوجوت سدھو جو کہ سیاستداں بھی ہیں کہتے ہیں عمران خان آپ کے جذبہ خیر سگالی نے اربوں لوگوں کے لئے خوشی کا سامان پیدا کیا ہے۔ ہندوستانی مصنف اور کالم نگار سلی ترپاٹھی نے بھی کرکٹ کے الفاظ میں کہا کہ عمران خان نے چھکا مارکر میچ جیت لیا۔ ایک اور ہندوستانی صحافی رعنا ایوب کہتی ہیں کہ عمران خان مودی سے بہت آگے ہیں۔ ہندوستانی صحافی وکرن چندرا نے بجا کہا کہ اگر ہم نے عمران خان کے فیصلے کا خیرمقدم نہیں کیا تو یہ گھٹیا پن کا مظاہرہ ہوگا۔ مصنف کرشن پرتاپ سنگھ نے ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے آج تک پاکستانی وزیراعظم کو ہندوستانی وزیراعظم کو مکمل طور پر ہٹ کرتے نہیں دیکھا۔ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نے اصل اسٹیسمین کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ہیں وہ تمام تحسین آموز جملے جو کہ عمران خان کےلئے ادا کئے گئے۔