Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیجنگ میں پاک ،چین اسٹریٹجک مذاکرات

  اسلام آباد ..وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی کے ہمراہ بیجنگ میں پہلے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک مذاکرات کا آغاز کیا۔ مذاکرات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور زیر بحث آئے۔ اس موقع پر شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے ۔ کٹھن حالات میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کی عوام اور حکومت کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں ۔ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور بحالی امن کے لئے چین کی کاوشیں قا بل تحسین ہیں ۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ اس موقع پرچینی وزیر خارجہ نے کہاکہ خطے میں قیام امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لئے پاکستان کا موقف قابل ستائش ہے ۔ دریں اثناءوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے بیجنگ میں چینی نائب صدر وانگ کیشان سے ملاقات کی ۔ دو طرفہ تعلقات، اقتصادی راہداری سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اورچین کے تعلقات مثالی ہیں۔ پاکستان خطے میں تمام ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے ۔وزیر خارجہ نے 70کروڑ افراد کو خط غربت سے نکالنے اور کرپشن کی روک تھام سے متعلق چین کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھی غربت میں کمی اور کرپشن کی روک تھام کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔ پاکستان چین کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کا خواہاں ہے ۔دونوں رہنماوں نے پاک، چین ا سٹریٹجک تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

شیئر: