سوڈان اور مصر کے درمیان ایک اور جھگڑا
قاہرہ۔۔۔ بحر احمر میں پٹرول کی تلاش کے مصری اعلان پر خرطوم اور قاہرہ کے درمیان نیا جھگڑا کھڑا ہوگیا۔ سوڈانی دفتر خارجہ نے خرطوم میں متعین مصری سفیر کو طلب کرکے احتجاجی یادداشت پیش کی۔ سوڈان نے اس بات پر ناگواری کا اظہار کیا کہ مصر کی وزارت پٹرولیم و معدنیات نے بحراحمر میں پٹرول اور گیس دریافت کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کیلئے عالمی سرمایہ کاروں سے ٹینڈر طلب کرلئے۔ سوڈان کا کہنا ہے کہ مبینہ علاقہ اس کا ہے۔سوڈان نے مصری سفیر سے مطالبہ کیا کہ مصر بحر احمر میں گیس اور پٹرول کی تلاش کے منصوبے سے باز آجائے۔سوڈان نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ’’مثلث حلایب‘‘ کی قانونی پوزیشن پر دونوں برادر ممالک کے درمیان تنازع چل رہا ہے اور بحر احمر کے مبینہ علاقے سے اس کا تعلق ہے لہذا مثلث حلایب کے تناظر ہی میں بحر احمر میں پٹرول اور گیس کی تلاش کے امور کو دیکھاجانا ضروری ہے۔مصر نے سوڈان کے احتجاج پر ابھی کوئی رد عمل نہیں دیا۔