ریاض ۔۔۔ سعودی عرب سے غیر ملکی فیملیز کی بڑی تعداد رخصت ہونے کی وجہ سے بلڈنگوں کے مالکان نے بیچلرز کو مکانات کرائے پر دینا شروع کردیئے ہیں۔ بیچلر ز کو فیملیز کیلئے مختص عمارتوں میں رہائش فراہم کرنے سے کرایوں میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کا کہناہے کہ فیملیوں کی بڑی تعداد کے رخصت ہونے سے مکانات کے کرایوں میں واضح کمی دیکھی گئی۔ تاہم مکان مالکان نے اس کمی کو دور کرنے کیلئے بیچلرز کو فیملی بلڈنگوں میں گھر کرائے پر دینا شروع کردیا ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ بچلرز فیملی کے مقابلے میں کرایہ زیادہ دیتے ہیں۔ ایک مکان میں متعدد بیچلزز رہتے ہیں اور آپس میں کرایہ تقسیم کرتے ہیں۔ اس طرح ان میں سے ہر فرد معمولی رقم خرچ کرتا ہے۔ مگر یہ رقم جمع ہوکر اچھی خاصی بن جاتی ہے۔ وزارت ہاﺅسنگ کے ماہرین کی رائے معلوم کی گئی تو انہوںنے کہا کہ بیچلرز کیلئے الگ عمارتیں مختص ہیں۔ فیملیز کے درمیان بیچلرز کو ٹھہرانا اصول اور ضوابط کے خلاف ہے۔ وزارت محنت کے قواانین کے مطابق غیر ملکی لیبر کو مخصوص علاقوں میں ٹھہرانا ضروری ہے۔ انہیں فیملی علاقوں میں ٹھہرانے کی اجازت دینا قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جس پر مکان مالک کے خلا ف کارروائی کی جاسکتی ہے۔