مشرقی معاشرے میں شادی طے کرنا کسی جنگ سے کم معرکہ نہیں ہوتا۔اگرچہ نئی نسل ماضی کی طرح والدین کی رضامندی سے ’ارینجڈ میرج‘ پر اب یقین نہیں رکھتی تاہم پھر بھی کئی لڑکے اور لڑکیاں ایسے ہیں جو اب بھی والدین کی خواہش کے مطابق شادیاں کرتے ہیں۔ساتھ ہی آج کے دور میں ’لو میرج‘ یعنی پسند کی شادی کا رواج بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ دونوں طرح کی شادیوں میں ماضی کی طرح رکاوٹیں اور مسائل اب بھی موجود ہیں۔پاکستان میں جب کسی گھرانے میں کوئی رشتہ جاتا ہے تو لڑکے والے لڑکی والوں سے بے شمار سوالات کرتے ہیں۔ ساتھ ہی لڑکی والے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ایسے ہی مسائل پر فلم ساز سعدیہ جبار نے ویب سیریز جاری کی ہے، جس کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیاہے ۔والدین کی پسند پر ہونے والی شادیوں اور رشتے طے ہونے سے قبل ہونے والے مسائل پر مبنی سعدیہ جبار کی رومانٹک کامیڈی سوشل ویب سیریز’شیم لیس پروپوزل‘ کا پہلا ٹیزر دیکھ کر ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ شائقین خوب محظوظ ہوں گے۔ایک منٹ دورانئے کے ٹیزر میں لڑکے والوں کو لڑکی والوں کے ہاں رشتہ لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ہلکے پھلکے مزاح سے بھرپور ٹریلر میں رشتے طے کرتے وقت لڑکے اور لڑکی والوں کے گھر والوں کے درمیان ہونے والی نوک جھونک دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سیریزتفریح سے بھرپور ہوگی۔’شیم لیس پروپوزل‘ کی کہانی سجاد گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ہنی ہارون نے دی ہیں۔ویب سیریز کی پہلی قسط رواں ماہ 29 مارچ کو آن لائن ریلیز کی جائے گی۔ سیریز کی مجموعی طور پر 7 قسطیں ہیں۔