Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسٹوڈیو سے ایوان صدر، سفر آسان نہیں تھا ، مہوش حیات

اداکارہ مہوش حیات نے فن کی خدمت پر ملنے والے اعلیٰ سرکاری اعزاز ’تمغہ امتیاز‘ کی رونمائی کرادی۔ تمام تر تنقید کے باوجودمہوش حیات اس اعزاز سے نوازے جانے کی خوشی سے سرشار ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ سبز رنگ کے کپڑوں میں ملبوس ہیں اور سینے پر قومی پرچم اور تمغہ امتیاز کا بیج سجائے مسکرا رہی ہیں۔تصویر کے ساتھ مہوش حیات نے لکھا ہے کہ وہ تمغہ امتیاز کے ساتھ گھر واپس آگئی ہیں، اس اعزاز کو اپنے دل سے لگایا ہوا ہے جس پر انہیں بہت فخر ہے۔ذرائع کے مطابق اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ پی ٹی وی اسٹوڈیو سے ایوان صدر تک کا سفر آسان نہیں تھا لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی منزل کو پاکر رہی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ جب میں8 سال کی تھی تو اپنی والدہ کے ساتھ پہلی مرتبہ پی ٹی وی اسٹوڈیو گئی اوروہ لمحہ میرے لئے بہت خوشگوار تھا۔ وہاں ہر کوئی اپنے کام کاماہر تھا اور میری والدہ بھی بہت محنتی اور اچھی اداکارہ تھیں۔ میں نے پی ٹی وی سے ہی سفر کا آغاز کیا ۔ مجھے یقین ہے کہ میری ماں ہی ہیں جن کی بدولت میں آج اس مقام پر پہنچی ہوں۔کراچی کی چھوٹی سی لڑکی نے بڑے بڑے خواب دیکھے جو ایوان صدر میں ستارہ امتیاز حاصل کرکے پورے ہوگئے۔اداکارہ نے اپنے مداحوں کے نام پیغام میں کہا کہ اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے سخت محنت کریں اور کبھی ہمت نہ ہاریں، کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔مہوش حیات نے کہا کہ میں اس سفر میں سپورٹ کرنے والے تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں، انڈسٹری میں میرے ایک ایک قدم نے مجھے اس ایوارڈ کا حقدار بنایا۔
 

شیئر: