Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'اسرائیل مخالف کارٹون' چھاپنے پر نیو یارک ٹائمز کی وضاحت

معروف امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنے بین الاقوامی شمارے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو پر مبنی ایک 'یہود مخالف کارٹون' چھاپنے پر ہفتے کو وضاحت دیتے ہو ئے کارٹون ہٹا دیا ہے۔
25 اپریل کو چھپنے والے اس کارٹون میں نتن یاہو کو ایک ایسے گائیڈ ’کتے‘ کے طور پر دکھایا گیا ہے جس کے گلے میں یہودیوں کا مقدس مذہبی ستارہ (ڈیوڈ سٹار) ہے۔ اس کتے کی رسی کو بنیائی سے محروم ڈونلڈ ٹرمپ نے تھام رکھا ہے جن کے سر پر یہودی ٹوپی ہے۔
 

اخبار کی طرف سے ٹویٹر پر شائع کی گئی وضاحت میں اس نوعیت کا کارٹون چھاپنا فیصلے کی غلطی قرار دیا گیا اور ویب سائیٹ پر سے ہٹا دیا گیا ہے۔ وضاحت میں مزید کہا گیا کہ کارٹون میں یہود مخالف استعارے شامل تھے۔ کارٹون جارحانہ تھا اور اس کو چھاپنا نیو یارک ٹائمز کا غلط فیصلہ تھا۔  

 

وضاحت دینے کے باوجود نیو یارک ٹائمز کو یہ کارٹون چھاپنے کی وجہ سے ٹویٹر صارفین شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
اخبار کے وضاحتی بیان کے جواب میں بن یامین کے صاحبزادے یائر نتن یاہو نے لکھا ’آپ کا اخبار یہود مخالف ہے۔ نیویارک ٹائمز نے جنگ عظیم دوم میں لاکھوں یہودیوں کے قتل کی خبر جان بوجھ کر چھپائی۔‘
ٹویٹر صارف سیتھ فرانزمین نے کہا کہ ’ایک ایسے وقت میں جب یہودیوں کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے، آپ کو ایسا کارٹون چھاپنے پر شرم آنی چاہیے، آپ ایسا کیسے کر سکتے ہو۔‘
فنگر سوپ نامی ایک صارف نے لکھا ’یہ نیو یارک ٹائمز ہے، آپ فیک نیوز سے اور توقع بھی کیا کر سکتے ہیں۔ وہ اپنی صحافتی ساکھ بہت پہلے گنوا چکے ہیں۔‘

شیئر: