ویسے بچوں کو امتحان میں کامیابی پر تحائف دینے اور ان کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد معمول کی بات ہے لیکن ایک سعودی خاتون نے اپنے بچوں کی کامیابی پر ان کو انوکھا تحفہ دیکر ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہیں۔
القصیم یونیورسٹی کی خاتون اہلکار فوزیہ القضیبی نے اپنی بیٹیوں منار اور ریماس کو پرائمری اور مڈل سکولوں میں شاندار کامیابی کا تحفہ پاکستان اورانڈیا میں ان کے نام سے ہینڈ پمپ قائم کرکے دیا۔
فوزیہ نے عاجل ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دیکھا کہ ہمارے ہاں سالانہ امتحانات میں کامیابی پر اہل خانہ بچوں کو تحائف سے نوازتے ہیں، اس سلسلے میں غیر معمولی تکلفات اور نمود و نمائش کا رواج بڑھتا چلا جارہا ہے۔
فوزیہ نے کہا کہ والدین اور عزیزواقارب بچوں کو ایسے تحائف پیش کررہے ہیں جن سے انہیں نہ تو دنیا میں کوئی فائدہ ملتا ہے اور نہ ہی آخرت کے حوالے سے انکی کوئی تربیت ہوتی ہے۔
فوزیہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے معاشرے کو فضول خرچی سے بچانے اور نئی نسل کو بنی نوع انساں کے دکھ درد سے واقف کرانے کیلئے طے کیا کہ اپنی بچیوں کو ایسا تحفہ دوں جس سے انکے ذہنوں میں اپنوں کا دکھ درد جاگے اور وہ آگے بڑھ کر نہ صرف یہ کہ اپنے معاشرے بلکہ اپنے غیر ملکی بھائیوں اور ضرورت مند دوستوں کیلئے کچھ کریں۔
فوزیہ القضیبی نے بتایا کہ میں نے پرائمری اسکول میں کامیابی پر بیٹی ریماس کے نام سے انڈیا میں ایک ہینڈ پمپ قائم کرایا جبکہ مڈل اسکول میں کامیابی پر بیٹی منار کے نام سے پاکستان میں ہینڈ پمپ قائم کرنے کا اہتمام کیا ہے۔