پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کو پارٹی کی نائب صدر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کو سینئر نائب صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔
جمعہ کو شہباز شریف نے لندن سے ایک علامیہ جاری کیا، جس میں پارٹی قیادت میں دیگر رہنماوں کی تقرری کا ذکر ہے۔
مریم نواز کے علاوہ نائب صدر کی فہرست میں پندرہ رہنماوں کے نام ہیں، جن میں حمزہ شہباز، عابد شیرعلی، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور مشاہد اللہ خان شامل ہیں۔
سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کو بین الاقوامی امور کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔
پارٹی کے نئے تنظیمی ڈھانچے کی منظوری شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے دی۔
گذشتہ روز پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد مسلم لیگ نون کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر حسین کو پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین جبکہ خواجہ محمد آصف کو پارلیمانی لیڈر کے طور پر نامزد کر دیا گیاہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے ممتاز سیاسی تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ شاید ن لیگ کی قیادت یہ سمجھتی ہے کہ اس اقدام سے ان کی خلاف نیب اور احتساب کی شدت کم ہو جائے گی اور کوئی راستہ نکل آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے نواز شریف بھی خاموش ہیں اور مریم نواز بھی جبکہ شہباز شریف لندن جا کر بیٹھ گئے ہیں، ایسے حالات میں کسی کو تو سامنے لانا تھا اورپارلیمانی پارٹی میں خلا کو پر کرنا تھا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ نواز کی رہنما اور سابق وفاقی وزیرااطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پہلے بھی پی اے سی کے سربراہ نہیں بننا چاہتے تھے اور کہا تھا کہ یہ عہدہ کسی اور کو دے دیں مگر اپوزیشن کے اصرار اور پی ٹی آئی کی طرف سے ضد اور جنگ و جدل کی وجہ سے وہ چیئرمین بن گئے تھے۔