پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) نے گذشتہ روز ایک نجی چینل پر چیئرمین نیب کے حوالے سے نشر ہونے والی ایک ویڈیو ٹیپ کی سختی سے تردید کی ہے۔
نیب نے اپنی ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ نجی ٹی وی چینل پر چیئرمین نیب کے خلاف چلنے والی خبر حقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈہ ہے۔
نیب نے مزید کہا ہے کہ ’یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد ادارے اور چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔ تاہم نیب نے تمام دباؤ اور بلیک میلنگ کو پس پشت ڈالتے ہوئے اس گروہ کے دو افراد کو نہ صرف گرفتار کیا ہے بلکہ ریفرنس کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔‘
نیب کے مطابق ’اس گروہ کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں 42 ایف آئی آرزدرج ہیں جن میں بلیک میلنگ، اغوا برائے تاوان، عوام کو لوٹنے اور نیب اور ایف آئی کے جعلی افسر بن کر سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو لوٹنے کے ثبوت نیب کے پاس موجود ہیں۔‘