امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کا میکسیکو کے ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے اور میکسیکو کے خلاف مجوزہ ٹیرف یا ٹیکس کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا کہ ’میں انتہائی مسرت کے ساتھ اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ امریکہ کا میکسیکو کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے اور میکسیکو کے خلاف ٹیرف جو کہ امریکہ نے پیر سے نافذ کرنا تھا کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔‘
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میکسیکو نے امریکہ کی جنوبی سرحدوں سے تارکین وطن کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ یہ اقدام غیر قانونی تاریکین وطن کے امریکہ میں داخلے کو کم کرنے یا مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ کا اعلان امریکہ اور میکسیکو کے درمیان امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والے تین روزہ مذاکرات کے احتتام کے بعد سامنے آیا ہے۔ امریکہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ میکسیکو سینٹرل امریکن تارکین وطن کو میکسیکو کی سرحد سے امریکہ میں داخلے کے خلاف کریک ڈاؤن کرے۔
میکسیکو کے وزیر خارجہ مارسیلو ابرارڈ نے معاہدے کے بعد ٹویٹ کیا کہ ’امریکہ کی جانب سے پیر سے مجوزہ ٹیرف کا نفاذ اب نہیں ہوگا۔ ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ہماری مدد کی اور دکھایا کہ میکسیکو ایک عظیم ملک ہے۔‘
امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں دونوں ممالک کے درمیان تین روزہ مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں بھی کہا گیا ہے کہ میکسیکو سینٹرل امریکن تارکین وطن کی امریکہ میں داخلے کو روکنے لے لیے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گا جس میں بارڈر پر نیشنل گارڈز کے فوجیوں کی تعیناتی بھی شامل ہے۔