ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑے مقابلے پر ہر کوئی نظریں جمائے بیٹھا ہے اور دونوں ملکوں کے عوام میں زبردست جوش و جذبہ پایا جا رہا ہے۔
ایسے میں یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ شوبز سے وابستہ شخصیات کسی سے پیچھیں رہیں۔ پاکستان اور انڈیا کی معروف شوبز شخصیات بھی اپنی اپنی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں۔
بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے فادرز ڈے اور پاک انڈیا ٹاکرے کی مناسب سے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں اپنے بیٹے آریان کے ساتھ انڈین کرکٹ ٹیم کی سپورٹ کے لیے بلیو شرٹ پہنے ہوئے ہیں، ان شرٹس پر مشہور کارٹون فلم ’لائن کنگ‘ کے کردار مسافا اور سمبا کے نام تحریر ہیں۔ تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ ’فاردز ڈے کے جوش و جذبے کے ساتھ میچ کے لیے تیار ہیں۔ گو انڈیا گو!‘
بالی وڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنے ٹویٹ میں انڈین ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آئندہ میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ' پورا انڈیا آپ کے ساتھ ہے۔ انڈیا جیتے گا '۔

پاکستان فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ ’ہماری ٹیم نے آسٹریلیا سے زبردست مقابلہ کیا۔ ہماری ٹیم آئندہ میچوں میں بھی ہار نہیں مانے گی۔ انہوں نے انڈیا کے خلاف میچ کے حوالے سے کہا کہ امید ہے کہ ہماری ٹیم روایتی حریف کے خلاف زبردست مقابلہ کرے گی اور مانچسٹر کے میدان سے فاتح بن کر نکلے گی۔‘

پاکستان کے فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار اور ماڈل عمران عباس نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور انڈیا کا میچ ورلڈ کپ کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ ہو گا۔ عمران عباس نے پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ انڈیا سے ماضی کی شکستوں کو فراموش کر کے اس میچ پر بھرپور توجہ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں ایسے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ پوری پاکستانی قوم اور شائقین کرکٹ کی دعائیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ امید ہے ٹیم انڈیا کے خلاف میچ میں قوم کو خوشخبری دے گی۔
