وزیر اعظم عمران خان نے شہریوں کی شکایات کے حل کے لیے قائم پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کے ازالے میں تاخیر پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
’اردو نیوز‘ کے پاس موجود وزیر اعظم آفس کے خط کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری نے شہریوں کی شکایات مقررہ وقت پر حل نہ کرنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو شکایات کی انکوائری رپورٹس فوری طور پر وزیراعظم آفس بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام پر جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے یاد دہانی کے باوجود پانچ ماہ تاخیر سے جزوی کارروائی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم آفس سے جاری خط میں تھرپارکر کے شہری عبدالغنی کی شکایت کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 19 دسمبر 2018 کو وفاقی تحقیقاتی ادارے کو انکوائری کی ہدایت کی گئی تھی ۔ اس شکایت کو حل کرنے کے لیے 90 روز کا وقت دیا گیا تھا تاہم 5 ماہ گزرنے کے باوجود شہری کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا گیا ۔