ہانگ کانگ: مون کیکس پر جمہوریت کے حامی پیغامات کی مہریں
ہانگ کانگ: مون کیکس پر جمہوریت کے حامی پیغامات کی مہریں
اتوار 14 جولائی 2019 3:00
ہانگ کانگ میں ایک بیکری اپنے گاہکوں کے لیے مون کیکس پر جمہوریت کے حامی پیغامات کی مہریں لگا رہی ہے۔
ان مون کیکس پر’ ہانگ کانگ کے عوام‘ اور ’آؤ مل کر لڑیں‘ جیسے پیغامات کی مہریں لگی ہوئی ہیں۔
واہ یی تنگ بیکری کی 33 سالہ مینجر نومی سوئن ان پیغامات کے بارے میں کہتی ہیں ’ہانگ کانگ کے لوگوں کو خوش کرنا چاہتی ہوں۔‘
ان کے مطابق وہ اپنے لوگوں کے لیے کچھ کرنا چاہتی ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں ہانگ کانگ میں مجرموں کی حوالگی کے قانون کے خلاف احتجاج اور مظاہرے ہوئے، مجرموں کی حوالگی کے قانون کے بارے میں ہانگ کانگ کی حکومت نے گذشتہ منگل کو کہا تھا ’ اس بل کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔‘
نومی سوئن اپنی والدہ کی مدد سے بیکری چلا رہی ہیں، اس بیکری میں کیکس کے علاوہ ڈبل روٹیاں، کوکیز اور پیسٹریاں بھی دستیاب ہیں۔
نومی سوئن کہتی ہیں کہ سال کے اس وقت ان کیکس کی اتنے بڑے پیمانے پر طلب غیر معمولی ہے، کیونکہ یہ کیکس خزاں میں ایک تہوار کے موقع پر کھائے جاتے ہیں۔
ایک گاہک لنڈا چن کہتی ہیں کہ انہوں نے ان کیکس کے بارے میں خبروں میں سنا اور اس کے دو ڈبے خریدنے کے لیے 45 منٹ کا سفر کیا۔
’میں سوچ رہی تھی کہ کیکس پر پیغامات کی یہ مہریں بہت منفرد ہیں۔‘
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ہانگ کانگ کی دیواروں، شاہراہوں اور سب ویز پر سیاسی پیغامات دیکھنے میں آئے ہیں۔