امپائر دھرما سینا نے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں اپنی غلطی تسلیم کر لی
امپائر دھرما سینا نے کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں اپنی غلطی تسلیم کر لی
اتوار 21 جولائی 2019 12:42
کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل کا فیصلہ سپر اوور میں زیادہ باؤنڈریز پر کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں انگلینڈ کو اضافی رنز دینے پر سری لنکن امپائر دھرما سینا نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق کمار دھرما سینا نے برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کو بتایا کہ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی اوور تھرو پر انگلش ٹیم کو چھ رنز دینا ان کی غلطی تھی جس کو وہ تسلیم کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ فائنل میچ میں ایک اوور تھرو کے نتیجے میں امپائر دھرما سینا نے چھ رنز کا اشاہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے فیلڈر کی تھرو دراصل انگلش بیٹسمین بین سٹوکس کے بیٹ سے اس وقت لگی جب وہ دوسرا رن مکمل کر رہے تھے۔ گیند بیٹسمین کے بیٹ سے لگنے کے بعد باؤنڈری لائن سے باہر چلی گئی تھی جس کے بعد امپائر دھرماسینا نے تھرڈ امپائر کی جانب چھ رنز کا اشارہ کیا۔
12 ویں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 14 جوالائی کو کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔
یہ پہلا ورلڈ کپ فائنل تھا جس کا فیصلہ سپر اوور اور اس میں بھی برابر ہونے پر زیادہ باؤنڈریز پر کیا گیا مگر اس کے ساتھ امپائر دھرما سینا کے زیادہ رنز دینے کے غلط فیصلے پر سوشل میڈیا پر شائقین اور کھلاڑیوں کے علاوہ سابق امپائرز نے بھی ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔