سعودی عرب میں عربین نسل چیتے کی افزائش ، 2بچوں کی پیدائش
عربین نسل کے چیتوں کی تعداد 200سے بھی کم رہ گئی ہے ۔
العلاءرائل کمیشن کے مطابق طائف میں عربین نسل چیتے کے 2بچے پیدا ہوئے۔ان میں سے ایک نر اوردوسرا مادہ ہے ۔و اضح رہے کہ مملکت میں عربین نسل چیتوں کی نسل کی حفاظت اور افزائش کے پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے ۔
سبق ویب کے مطابق چیتے کے بچے22اپریل 2019ءکو پیدا ہوئے تھے ۔ ابتدائی 12ہفتوں کے دوران انتہائی نازک صورتحال سے دوچار تھے ۔اب وہ محفوظ ہیں ۔ انہیں ویکسین بھی د ی گئی ہے ۔
چیتے کے بچوں کی ولادت کا کام طائف میں امیر سعود الفیصل جنگلی حیاتیات ریسرچ سینٹر نے العلاءرائل کمیشن کے ماہرین کے تعاون سے انجام دیا۔رائل کمیشن قدرتی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کو غیر معمولی اہمیت دے رہا ہے ۔
العلاءرائل کمیشن کے گورنر اور وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ آل سعود نے چیتے کے 2بچوں کی پیدائش کے واقعہ پر اظہارمسرت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہمارا حوصلہ بلند ہوا ہے ۔ یہاں مملکت میں عربین نسل چیتوں کی باز آباد کاری کے مشن کو تقویت پہنچی ہے ۔اب عربین نسل کے چیتوں کی تعداد 200سے بھی کم رہ گئی ہے ۔پوری دنیا سے ان کے مٹنے کے خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔2بچوں کی پیدائش سے چیتوں کی افزائش کے پروگرام کی کامیابی کی امید روشن ہو گئی ۔
شہزادہ بدر بن عبداللہ نے زور دیکر کہا کہ العلاءرائل کمیشن باقیماندہ چیتوں کی حفاظت اور افزائش کے حوالے سے پر عزم ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ جنگلی حیاتیات کے انسائیکلوپیڈیا میں عربین نسل چیتوں کا تذکرہ یادگار کے طور پر کیا جانے لگے ۔