Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی اور کشمیری پرچم ایک ساتھ لہرائیں گے‘

’15 اگست کو سیاہ جھنڈے لہرا کر یوم سیاہ منایا جائے گا۔‘ (فوٹو: ٹوئٹڑ)
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے  یوم آزادی پر پاکستان کے پرچم کے ساتھ کشمیر کا پرچم لہرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی جبکہ 15 اگست کو سیاہ جھنڈے لہرا کر یوم سیاہ منایا جائے گا۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے ہر گھر پر پاکستان کے جھنڈے کے ساتھ  کشمیر کا جھنڈا لہرایا جائے گا۔ کشمیر اور پاکستان دونوں لازم و ملزوم ہیں۔‘
انہوں نے کہا ’انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم  کر کے دنیا میں نئے ہٹلر ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ 14 اگست کو ملک بھر ریلیاں نکال کر ہم نئے ہٹلر کا اصل چہرہ دنیا کو دکھائیں گے۔‘

انڈین وزیر داخلہ امیت شاہ نے 5 اگست کو کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

فردوس عاشق اعوان  کا کہنا تھا کہ ’ 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا اور ہر گھر پر سیاہ پرچم لہرائے گا۔ انڈیا کا ریاستی دہشت گرد چہرہ دنیا کو دکھائیں گے  اور دنیا کو بتائیں گے کہ اس روز سیکولر انڈیا وجود میں نہیں آیا تھا۔‘
وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ انڈیا کی حکومت نے کشمیر کو ایک جیل بنا دیا ہے اور گھروں میں قید کشمیری اس وقت پاکستان کی طرف حسرت سے دیکھ رہا ہے۔ انڈین حکومت نے کشمیر میں زمینی اور مواصلاتی رابطے منقطع کر دیئے ہیں۔ نریندر مودی کشمیروں کو لہو لہان کر کے انتہا پسندی اور دپشت گردی کی سوچ کو پروان چڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے نریندر مودی نے جواہر لال نہرو کے ساتھ بھی غداری کی ہے۔

’آرٹیکل 370 کے خاتمے سے نریندر مودی نے جواہر لال نہرو کے ساتھ بھی غداری کی ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کے صنعتکاروں سے کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ’ پاکستان کے سفیر بن کر کشمیر کا اصل مقدمہ دنیا کے سامنے رکھیں۔ جن کے ساتھ دہشت گردی ہو رہی ہے ان کو ہی دہشت گرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈیا کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا،کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر انڈیا کے ساتھ تجارت بند کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے عوامی جمہوریہ چین کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف تسلیم کیا ہے۔

شیئر: