Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عظیم مصری عجائب گھر میں کیا کچھ ہے؟

مصر کا نیا قومی عجائب گھر الجیزہ کے اہرامات سے محض 2کلومیٹر کی دوری پرہے
 مصری آثار قدیمہ کے شائقین مصر کے نئے عظیم الشان عجائب گھر کے افتتاح کے منتظر ہیں۔ اس عجائب گھر کا رسمی افتتاح 2020ء میں ہوگا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ سالانہ50لاکھ سیاح اسے دیکھنے کےلئے آئیںگے ۔ یہ دنیا کی کسی ایک تہذیب اور تمدن پر قائم کیا جانے والا سب سے بڑا عجائب گھر ہو گا ۔اس کی تعمیر پر ایک ارب ڈالر لاگت آئے گی ۔


عجائب گھر میں رکھے  جانیوالے نوادر اور آثار کے بارے میں بڑا تجسس ہے

سی این این کے مطابق مصر کا نیا قومی عجائب گھر الجیزہ کے اہرامات سے محض 2کلومیٹر کی دوری پرہے۔اس کی تعمیر کا کام 10برس پہلے شروع کیا گیا تھا۔ سیاحوں کو اس کے افتتاح سے قبل کسی طرح اس عجائب گھر میں رکھے  جانیوالے نوادر اور آثار کے بارے میں بڑا تجسس ہے ۔اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیر تکمیل عجائب گھر کی غیر رسمی سیر پر فی سیاح 250ڈالر فیس وصول کی جا رہی ہے ۔ ۔افتتاح سے قبل سیاح بھاری فیس دیکر عجائب گھر کے نوادر دیکھنے کا شوق پورا کر رہے ہیں۔
مصری عجائب گھر میں تعلقات عامہ کی انچارج فاتن محمد نے بتایا کہ نوادر کی سیر کا یومیہ دورانیہ 4گھنٹے رکھا گیا ہے۔ اپریل 2019ءتک عجائب گھر کے ماتحت اصلاح و ترمیمات کے مرکز میں 46ہزار نوادر لائے جا چکے ہیں ۔ ان میں سے 42ہزار کی اصلاح و مرمت کا کام مکمل کیاجا چکا ہے ۔


عظیم مصری عجائب گھر کی سیڑھیوں پر دیوہیکل آثار قدیمہ نصب کئے جائیں گے ۔

سی این این کی ٹیم کو اصلاح و مرمت کے مرکز کا دورہ کرایا گیاجہاں سیکڑوں نوادر رکھے ہوئے تھے ۔ان میں سے بیشتر کا تعلق توت عنخ آمون سے ہے ۔ اس مرکز میں فرعون مصر کے جوتے ، بیلٹ اور جیولری موجود تھی ۔
 واضح رہے کہ برطانوی ماہر آثار قدیمہ ہیوارڈ کارٹر نے 1922ءکے دوران الاقصر میں توت عنخ آمون کا مقبرہ دریافت کیا تھا۔
فاتن محمد کے مطابق جب برطانوی ماہر آثار قدیمہ نے توت عنخ آمون کی قبر دریافت کی تھی تو انہوں نے وہاں موجود نوادر کی حفاظت کےلئے موم استعمال کیا تھا۔اب ہمیں پتہ چلا کہ اس حفاظتی تدبیر سے نوادر کو نقصان پہنچا۔موم ہٹانے پر کچھ ایسی چیزیں دیکھنے کو ملیں جو اس سے پہلے ہماری نظروں سے اوجھل تھیں۔


سیکڑوں نوادر میں سے بیشتر کا تعلق توت عنخ آمون سے ہے ۔

فاتن محمد نے بتایا کہ عظیم مصری عجائب گھر کی سیڑھیوں پر دیوہیکل آثار قدیمہ نصب کئے جائیں گے ۔ مثال کے طور پر بڑے دروازے کے سامنے رمسیس دوم کا مجسمہ رکھا جائے گا ۔ اس کے آس پاس 87سے زےادہ بڑے مجسمے سجائے جائیں گے ۔
مصری میوزیم کے عہدیدار عزمی سلامہ کا کہنا ہے کہ جب بھی ہم جیزہ کے اہرامات کی سیر کرتے ہیں تو وہاں سے التحریر اسکوائر میں موجود قدیم مصری عجائب گھر جانے کےلئے وقت لگتا ہے ۔ ٹریفک کے اژدہام میں وقت نکل جاتا ہے ۔نیا عظیم عجائب گھر کھلنے پر یہ مشکل دورہوجا ئے گی۔

شیئر: