ٹویٹر کے مطابق اب ان کے سربراہ کا اکاؤنٹ محفوظ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد ہیکرز کی جانب سے نسل پرستی پر مبنی اور دیگر نوعیت کی نامناسب ٹوئیٹس کی گئیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹویٹر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کے سربراہ جیک ڈورسی کا اکاؤنٹ جمعے کی شام کو ہیک کیا گیا۔
ہیکرز نے ان کے اکاؤنٹ سے نسل پرستی اور یہود دشمنی پر مبنی ٹویٹس کیں جن میں سے کچھ کو ’چکلنگ سکواڈ‘ کا ہیش ٹیگ بھی دیا گیا۔
ٹویٹر ترجمان کے مطابق ڈورسی جو موبائل استعمال کرتے ہیں اسے بنانے والی کمپنی سے ان کے نمبر کی سکیورٹی کا خیال نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے ہیکرز ڈورسی کے اکاؤنٹ سے ٹویٹس کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ٹویٹر کے مطابق ہیکرز کی جانب سے پوسٹ کیے گئے قابل اعتراض ٹویٹس کو امریکی وقت کے مطابق شام چار بج کر 10 منٹ ہر ڈیلیٹ کر دیاتھا اور ادارے کی جانب سے اس معاملے کی تحقیات کی جا رہی ہیں۔
ٹویٹر کے مطابق اب ان کے سربراہ کا اکاؤنٹ محفوظ ہے۔
ڈورسی کا اکاؤنٹ ہیک ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد ٹویٹر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے اور سوال کیا جا رہا ہے کہ اگر ایک ادارہ اپنے سربراہ کا اکاؤنٹ محفوظ نہیں بنا سکتا تو عام صارفین کے اکاؤنٹس کیسے محفوظ کیے جا سکتے ہیں؟
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار فلمی ستاروں اور دیگر نامور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہو چکے ہیں جس کے بعد بھی آن لائن سکیورٹی پر سوال اُٹھتے رہے ہیں۔