شارجہ بندرگاہ کے قریب گہرے سمندر میں سامان لے جانے والے ایک بحری جہاز میں آگ لگ گئی جس سے اس پر موجود 100 گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
الامارات الیوم کے مطابق شارجہ کے محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ بحری جہاز میں آتشزدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم جہاز پر لوڈ گاڑیوں سمیت تمام سامان جل گیا۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ جہاز شارجہ بندرگاہ کے قریب گہرے سمندر میں تھا جب اسے آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ بندرگاہ میں موجود آگ بجھانے والی ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہوئیں اور ریکارڈ وقت میں آگ پر قابو پالیا تاہم آتشزدگی کے اسباب معلوم نہ ہوسکے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ آگ کے شعلوں پر قابو پانے کے بعد جہاز کو خصوصی سیال مادوں سے ٹھنڈا کیا گیا تاکہ گرمی کی وجہ سے آگ دوبارہ نہ بھڑکے۔ واقعہ کی تفصیلات پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں تاکہ آگ لگنے کے اسباب معلوم کیے جاسکیں۔