Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نوجوان ایل او سی پر جانا چاہتے ہیں‘

عمران خان کہتے ہیں امریکہ سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کریں گے: فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے انڈیا کے مظالم نے کشمیریوں کے دل سے موت کا خوف نکال دیا ہے وہ چاہے جو مرضی کر لے کشمیریوں کو مزید دبا نہیں سکے گا۔
جمعے کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’مجھے معلوم ہے ہمارے نوجوان لائن آف کنٹرول کی طرف جانا چاہتے ہیں لیکن ابھی نہیں جب میں بتاؤں گا تب جانا ہے، پہلے مجھے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر لینے دیں۔‘
انہوں نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس میں انسانیت ہوتی ہے وہ کبھی کسی پر ظلم نہیں کرتا، نو لاکھ فوج اور مظالم کے باوجود کشمیر میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ ’اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔‘

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر اب عالمی ایشو بن چکا ہے، تصویر: سوشل میڈیا

عمران خان نے عالمی برادری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اب عالمی ایشو بن گیا ہے، آپ نے دیکھا کہ حکومت کی کوششوں سے 50 سال بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی، یورپی یونین کی جانب سے بھی کشمیریوں کی حمایت میں بیان آیا ہے۔ انسانی حقوق کونسل میں 58 ممالک نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے، او آئی سی بھی کوشش کر رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کشمیر کے مسئلے پر بات ہو رہی ہے۔ امریکی ایوانوں سے بھی مطالبہ اٹھا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں 40 روز سے عورتوں، بچوں اور بوڑھوں کو گھروں میں قید رکھا جا رہا ہے۔ یہ کوئی بہادری نہیں ہے۔ بار بار ظلم سہنے والے وہی کرتے ہیں جو پلوامہ حملہ کرنے والے نوجوان نے کیا تھا جس کا الزام انڈیا نے پاکستان پر لگایا اور حملہ کیا جس کا بھرپور جواب دیا گیا اور پائلٹ اس لیے واپس کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے دنیا میں کشمیر کا سفیر بننے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ وہ ایک پاکستانی، ایک مسلمان اور ایک انسان ہیں، انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے امریکہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بطور سفیر کشمیر دنیا بھر میں جائیں گے اور کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ پانچ اگست کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی تھی جس کے بعد تاحال کشمیر میں کوفیو کی سی کیفیت ہے۔  
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: