بالی وڈ کی ہٹ فلم بازی گر 1993 میں ریلیز ہوئی تھی، تصویر: سوشل میڈیا
بالی وڈ کی 1993 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ کرائم تھرلر فلم ’بازی گر‘ کسے یاد نہیں۔ اس فلم میں کنگ خان کے ساتھ ورسٹائل اداکارہ کاجول نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
اس فلم نے جہاں باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کیا وہیں اس کے گانے’ یہ کالی کالی آنکھیں‘ بھی بہت مقبول ہوا۔
شاہ رخ خان کی اداکاری کے تو چرچے تھے ہی لیکن اس گانے میں ان کے منفرد انداز نے سب کو متوجہ کیا۔
سرخ رنگ کی شرٹ، کالی جینز جس کی ایک سائیڈ پینٹ کی گئی تھی اور گولیوں سے پروئی بیلٹ۔ اس انوکھے ڈریس سٹائل نے شاہ رخ کے ولن کے کردار کو مزید جاندار بنا دیا تھا۔
لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ کنگ خان کی اس ’آئیکونک لُک‘ کو ڈیزائن کرنے والی کوئی اور نہیں بلکہ ان کی اہلیہ گوری خان ہیں۔
اس بات کا انکشاف انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کیا۔ گوری خان نے شاہ رخ خان اور کاجول کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ یقین نہیں آرہا کہ میں نے 1990 میں یہ لُک ڈیزائن کی، ہاتھ سے پینٹ کی گئی جینز میری پسندیدہ تھی۔‘
شاید یہ بات کم لوگوں کو ہی معلوم ہو کہ گوری خان مشہور انٹیریئر ڈیزائنر تو ہیں ہی لیکن انہوں نے فیشن ڈیزائننگ میں بھی خود کو آزمایا ہے۔
جہاں شاہ رخ خان بالی وڈ انڈسٹری پر راج کررہے ہیں وہیں ان کی اہلیہ گوری خان اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے بالی وڈ کے چمکتے ستاروں کے گھروں کو سجا رہی ہیں۔