ٹیکنالوجی کمپنیاں گوگل پر اپنے ذاتی مواد سے اچھا خاصا منافع کماتی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے کہا ہے کہ وہ سرچ نتائج میں آرٹیکلز، تصاویر اور ویڈیوز کے حوالہ جات دکھانے پر فرانسیسی خبر رساں اداروں کو رقم کی ادائیگی نہیں کرے گا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق گوگل کے خبروں کے لیے نائب صدر نے پیرس میں صحافیوں کو بتایا کہ یورپ کے نیوز پبلشرز کو یہ طے کرنا ہے کہ وہ گوگل کو فرانس میں کسی مواد کے حصے یا تھمب نیل امیجز کو سرچ کرنے پر دکھانے کی اجازت دیں گے یا نہیں، ’اگر تو وہ اسے قبول کرتے ہیں تو پبلشر کو کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔‘
اگر وہ اجازت نہیں دیتے تو صرف ہیڈلائن اور ان کے مواد کا لنک ہی سرچ کے نتائج میں نظر آئے گا جس سے کچھ پبلشرز اپنے صارفین کو کھو دیں گے کیونکہ اکثر انٹرنیٹ صارفین ان سرچ نتائج پر کلک کرتے ہیں جو حوالہ جات اور تصاویر پر مشتمل ہوں۔
نئی ہدایت گذشتہ مارچ میں جاری ہوئی تھی جس پر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے مزاحمت بھی کی گئی تھی کیونکہ یہ کمپنیاں اپنے ذاتی مواد سے اچھا خاصا منافع کماتی ہیں۔
نئے قوانین سے جملہ حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہی گوگل اور فرانس کا ٹیکس کے معاملے پر معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت گوگل فرانس کی حکومت کو ایک ارب ڈالر دے گا۔