’آرامکو کی متاثرہ تنصیبات سے تیل کی پیداوار بحال ہوگئی‘
’آرامکو کی متاثرہ تنصیبات سے تیل کی پیداوار بحال ہوگئی‘
جمعرات 3 اکتوبر 2019 18:44
اس وقت سعودی عرب کی روزانہ تیل کی پیداوار 11.3ملین بیرل ہے۔ فوٹو: واس
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ حملوں سے متاثر ہونے والی آرامکو تنصیبات کی مرمت کا کام مکمل ہوگیا ہے اور سعودی عرب کی تیل پیداوار بحال ہوچکی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ماسکو میں توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت سعودی عرب کی روزانہ تیل کی پیداوار 11.3 ملین بیرل ہے۔
شہزادہ عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ہم تیل تنصیبات پر حملے کا واقعہ بھول کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ’ہمارے سامنے کئی چیلنجز ہیں۔ ہم آرامکو کمپنی کے حصص مارکیٹ میں پیش کرنے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔‘
قبل ازیں آرامکو کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2020 میں اپنے شیئرز ہولڈرز کو خالص منافع میں سے 75 بلین ڈالر تقسیم کرے گی۔ یہ 2019 کے منافع کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ یہ رقم گزشتہ سال 2018ء کے مقابلے میں 29 فیصد زیاد ہ ہے۔
بلومبرگ کے مطابق آرامکو کمپنی 20 اکتوبر کو سعودی عرب کی مقامی مارکیٹ میں اپنے حصص فروخت کے لیے پیش کرے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں