Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ چیمپیئن شپ: ’روز ڈوپ ٹیسٹ کرانے کو تیار ہوں‘

ایتھوپین نژاد ڈچ کھلاڑی صیفان حسن کے کوچ پر ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہوئی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
قطر کے دارالحکومت دوحا میں منعقدہ ورلڈ اتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے پندرہ سو میٹر دوڑ کے مقابلوں میں دوسرا گولڈ میڈل جیتنے والے صیفان حسن نے کہا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنا ڈوپ ٹیسٹ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
صیفان کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وہ روزانہ کے ڈرگ ٹیسٹ کے لیے بھی تیار ہیں تاکہ ثابت کر سکیں کہ وہ شفاف ہو کر مقابلوں میں حصہ لیتی ہیں۔
خیال رہے کہ ایتھوپین نژاد ڈچ کھلاڑی صیفان حسن کے کوچ البرٹو سالازار پر گذشتہ دنوں ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے چار سال کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔
صیفان نے پندرہ سو میٹر کی دوڑ تین منٹ اور اکیاون سیکنڈز میں مکمل کی جو دنیا میں چھٹے نمبر پر ریکارڈ ہے۔
دوحا مقابلوں میں صیفان کا یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ گذشتہ سنیچر کو انہوں نے ہزار میٹر دوڑ کے مقابلے میں بھی طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

صیفان حسن نے گولڈ میڈل جبکہ کینیا کی فیتھ کپیگون نے چاندی اور ایتھوپیا کی گوداف سیگے نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

صیفان حسن اس ’نائیکے اوریگون پراجیکٹ‘ میں شامل اتھیلٹ ہیں جنہوں نے دوحا مقابلوں میں تین گولڈ میڈل جیتے لیکن کوچ سالازار پر پابندی کی وجہ سے پراجیکٹ کے تحت تربیت لینے والے تمام اتھلیٹس پر شک کیا جانے لگا۔
صیفان حسن نے دوسرا گولڈ میڈل جیتنے کے بعد کہا کہ ’اگر وہ میرا ڈوپ ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں تو روزانہ کر لیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ صاف اور شفاف کھیل پر یقین رکھتی ہیں اور ہمیشہ سے شفاف ہیں اور ہمیشہ کے لیے صاف کھیلیں گی۔
صیفان حسن نے اوریگون پراجیکٹ میں سنہ 2016 کے اختتام پر شامل ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 2016 میں ورلڈ انڈور چیمپیئن شپ میں بھی طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔

صیفان نے پندرہ سو میٹر کی دوڑ تین منٹ اور اکیاون سیکنڈز میں مکمل کی جو دنیا میں چھٹے نمبر پر ریکارڈ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

چھبیس سالہ اتھلیٹ نے کہا کہ وہ سنہ 2014  سے ٹاپ پر ہیں اور مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھا رہی ہیں۔
صیفان کو اب اپنے 61 سالہ کوچ سالازار سے معاہدے ختم کرنا ہوں گے۔
دوحا میں صیفان کے ساتھ سنہ 2017 میں ورلڈ چیمپیئن رہنے والی کینیا کی فیتھ کپیگون نے چاندی اور ایتھوپیا کی گوداف سیگے نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

شیئر: